مکہ میں پہلا کرفیو کب لگایا گیا تھا؟ اور کیوں؟

ان دنوں سعودی شہری اور مقیم غیرملکی مملکت کے تمام علاقوں میں کورونا وائرس کو روکنے اور اس سے بچنے کے لیے کرفیو کی زندگی گزار رہے ہیں- مقدس شہر مکہ مکرمہ میں بھی کرفیو لگا ہوا ہے- کئی لوگ پوچھ رہے ہیں کہ آیا مکہ مکرمہ میں ان دنوں جو کرفیو لگا ہوا ہے وہ تاریخ کا پہلا ہے یا اسلامی تاریخ میں اس سے پہلے بھی یہاں کبھی کرفیو لگایا جاچکا ہے؟ سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ عبدالعزیز اکیڈمی کے ماتحت مکہ مکرمہ ہسٹوریل سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فواد الدھاس نے بتایا کہ مکہ کی تاریخ میں سب سے پہلے 8 ہجری میں کرفیو لگایا گیا تھا- الدھاس نے اس کی تفصیل بتاتے ہوئے واضح کیا کہ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے 8 ہجری میں فتح مکہ کا پروگرام بنایا اسلامی لشکر مر الظہران پہنچا تو قریشی وفود نے انہیں مکہ میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی- پیغمبر اسلام نے ابوسفیان کو جو قریشی وفد کی قیادت کررہے تھے واضح پیغام دیا کہ وہ مکہ میں داخل ہونے کا عزم کرچکے ہیں-

پیغمبر اسلام سے کہا گیا کہ ابوسفیان قوم کے سردار ہیں انہیں فخرکرنا پسند ہے- آپ انہیں کوئی قابل فخر اعزاز عطا کر دیجئے- رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ابوسفیان مکہ جاؤ اور اپنی قوم کے لوگوں سے کہو کہ جو شخص مسجد الحرام میں داخل ہوگا وہ محفوظ ہوگا جو شخص اپنے گھر کا دروازہ بند کرلے گا وہ محفوظ ہوگا اور جو ابوسفیان کے گھر میں داخل ہوگا وہ بھی محفوظ ہوگا-  الدھاس نے بتایا کہ پیغمبر اسلام اور ان کا لشکر مکہ میں داخل  ہوئے طوی کنویں کے پاس خیمہ لگایا گیا- وہاں سے پیغمبر اسلام نے اپنے لشکر کو مختلف دستوں میں تقسیم کردیا-  پھر کدا الحجون کے راستے  شہر میں داخل ہوئے- پیغمبر اسلام کو بتایا گیا کہ مکہ لوگوں سے خالی پڑا ہے سب لوگ گھروں اور مسجد الحرام میں بند ہیں- الدھاس بتاتے ہیں کہ اس کے بعد پیغمبر اسلام مسجد الحرام  گئے وہاں آپ نے مشہور تاریخی خطاب کیا- پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد الحرام میں موجود اہل مکہ کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا کہ ’جاؤ تم سب آزاد ہو‘- مکہ ہسٹوریکل سینٹر کے ڈائریکٹر نے توجہ دلائی کہ پیغمبر اسلام نے مکہ میں داخل ہونے سے قبل کرفیو لگا کر مقدس شہر کو کسی جنگ کے بغیر فتح کر لیا-  پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ طریقہ کار کسی دنیاوی مقصد کے لیے نہیں اپنایا تھا بلکہ آپ کا مقصد انسانی حقوق کی حفاظت تھا- فتح مکہ سے قبل وہاں کے باشندوں نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم اوران کے ساتھیوں پر زبردست جبر و تشدد کیا تھا- انہیں وطن سے بے وطن کیا تھا- فتح مکہ کے وقت حق بنتا تھا کہ پیغمبر اسلام اور ان کے ساتھی اہل مکہ سے جنگ کریں ان سے اپنا بدلہ لیں لیکن پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا کچھ نہیں کیا کیونکہ آپ اسلام اور امن کے پیغامبر تھے- اسی لیے  مکہ مکرمہ میں کرفیو کا پہلا واقعہ اہل مکہ کے حلقہ بگوش اسلام ہونے کا باعث بن گیا-

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *